Get Alerts

"ایک گھنٹے میں سات جھوٹ بولے گئے"؛ایرانی سپیکر کا ٹرمپ کے دعوؤں پر شدید ردِعمل

تہران : ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں "جھوٹ کا پلندہ" قرار دے دیا ہے۔ تہران میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ امریکی صدر نے محض ایک گھنٹے کے دوران سات بڑے دعوے کیے جو حقیقت سے کوسوں دور ہیں۔
محمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ اس طرح کے بے بنیاد بیانات اور میڈیا وار کے ذریعے امریکہ خود کو فاتح ثابت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا   "جھوٹے دعوؤں سے نہ تو امریکہ کو فاتح سمجھا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس طرح کے ماحول میں مذاکرات میں کوئی حقیقی پیشرفت ممکن ہے۔ مذاکرات کے لیے سنجیدگی اور سچائی پہلی شرط ہے۔
ایرانی اسپیکر نے بین الاقوامی میڈیا اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ امریکی پروپیگنڈے پر کان دھرنے کے بجائے حقیقت جاننے کے لیے ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا سرکاری موقف دیکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مذاکرات کی میز پر کیا ہو رہا ہے، اس کی درست اور مستند معلومات صرف وزارتِ خارجہ ہی فراہم کر سکتی ہے۔
قالیباف کا یہ بیان صدر ٹرمپ کے اس دعوے کے فوراً بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے ایران کے ساتھ ایک "بڑے سرپرائز" اور جلد معاہدے کی پیش گوئی کی تھی۔ ایرانی قیادت کے اس سخت لب و لہجے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز اور ایٹمی پروگرام جیسے حساس معاملات پر فریقین کے درمیان ابھی بھی شدید اختلافات موجود ہیں اور وائٹ ہاؤس کے دعوؤں کے برعکس، تہران فی الحال پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

ٹیگز: