ن لیگ کا رویہ قبضہ گروپ والا ہے، وہ نوٹس ملنے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے، قمر زمان کائرہ

ن لیگ کا رویہ قبضہ گروپ والا ہے، وہ نوٹس ملنے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے، قمر زمان کائرہ

لاہور :   پیپلزپارٹی وسطی  پنجاب کے صدر  قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کس منہ سے ووٹ کے تقدس کی بات کررہے ہیں،  ماضی گواہ ہے کہ ووٹ کا تقدس پامال کرنے والوں میں نوازشریف پیش پیش رہے ہیں، میاں صاحب کے خلاف فیصلہ آنے تک سب کچھ ٹھیک تھا مگر فیصلہ آتے ہی سسٹم اورنظام بھی خراب ہوگیا۔

بلاول ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو   کرتے ہوئے  پیپلزپارٹی کے رہنما  قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی فرد کیساتھ بات کرنے کا شوق نہیں ہے، پارٹی کی سطح پر بات چیت کرینگے۔ میاں صاحب کے خلاف فیصلہ آتے ہی سسٹم اور نظام خراب ہوگیا اور اگر ان کے حق میں فیصلہ آتا تو سب کچھ اچھا ہوتا، عدالت نے شریف خاندان کو انکے جرائم پر سزا دی ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ن لیگ کارویہ قبضہ گروپ والا ہے، وہ نوٹس ملنے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے تاہم اب انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا، اب وہ قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ نوازشریف ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ نواز شریف کے الزامات وہی پرانے ہیں، نظام بہتری کی جانب چل رہا ہے، جو  بنیاد  پیپلزپارٹی رکھ کر گئی تھی وہ چل رہی ہے، میاں صاحب ذاتی طور پرحکومت چلاتے ہیں اور وہ اداروں سے بھی ذاتی تعلقات بناتے ہیں جب کہ نواز شریف نے ہمیشہ ہمارا مینڈیٹ چھینا ہے اور ووٹ کا تقدس پامال کرنے والوں میں میاں صاحب بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ نظام بہتری کی جانب چل رہا ہے اور ہم اگلے الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ پیپلزپارٹی عوام کے پاس اپنا منشور لے کر جائے گی،  پیپلز پارٹی میں مائنس ون فارمولہ نہیں چل سکتا، ہم نے اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جو کچھ میاں صاحب کے ساتھ ہو رہا ہے، وہ وقت کی سزا ہے۔ پاکستان میں جمہوری نظام چل رہا ہے۔ ایک وزیراعظم گیا تو دوسرا  آ  گیا، آج کسی نے نظام کو نہیں چھیڑا۔

مصنف کے بارے میں