Get Alerts

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی بھارت کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی بھارت کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی آج بھارت کا دورہ مکمل کرکے 21 اگست کو پاکستان آئیں گے۔ ان کے دو روزہ دورے میں وہ سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک مذاکرات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر بات چیت ہوگی۔

یہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وانگ یی مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ جنگ کے بعد اور جون میں ایران اور اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں پاکستان آ رہے ہیں۔ ان جنگوں کے بعد پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان کی فتح میں چین کی حمایت اہم رہی ہے، اور اس دورے کے دوران دونوں ممالک بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کریں گے۔

اس کے علاوہ اس دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کے رواں ماہ کے آخر میں چین کے دورے کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

دوسری  طرف وزیر خارجہ اسحاق ڈار 23 اگست کو ڈھاکہ جا رہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ علاقائی صورتحال کی وجہ سے دو مرتبہ ملتوی ہو چکا ہے۔ اس دورے میں وہ بنگلا دیشی ہم منصب اور عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کریں گے۔ اس ہفتے وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی ڈھاکہ روانہ ہو رہے ہیں جبکہ ستمبر میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا دورہ بھی متوقع ہے۔

ٹیگز: