بیجنگ: امریکہ کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران نے سفارتی محاذ پر بڑی پیش رفت کرتے ہوئے چین کے ساتھ قریبی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ایک انتہائی اہم اور حساس دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور چین کے درمیان دوطرفہ تزویراتی (سٹریٹجک) تعلقات، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور عالمی منظر نامے پر ہونے والی حالیہ پیش رفت پر گہری گفتگو کی۔
سیاسی و سفارتی تجزیہ کاروں کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ وقت کے لحاظ سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب رواں ماہ 14 اور 15 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیجنگ کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات طے ہے۔