تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نمائندہ نیو نیوز اسلام آباد ذیشان سید کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر تجارت، سرحدی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا اور دونوں ممالک نے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے رابطوں کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔