Get Alerts

ملک میں ہیپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ تشویشناک، ہر پاکستانی کی سکریننگ ہوگی: مصطفیٰ کمال

ملک میں ہیپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ تشویشناک، ہر پاکستانی کی سکریننگ ہوگی: مصطفیٰ کمال

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں ہیپاٹائٹس سی کا پھیلاؤ تشویشناک ہے، بیماری کے خاتمے کے لیے سکریننگ کا دائرہ پورے ملک تک بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج سے ہیپاٹائٹس سی کا مکمل علاج ممکن ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ سرکاری مراکز میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ جاری ہے، جبکہ نجی ہسپتالوں کو بھی اسکریننگ کٹس اور ضروری آلات فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کی تشخیص ممکن بنائی جا سکے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کے لیے 17 پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سکریننگ کا عمل ملک کے دیگر علاقوں تک بھی وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ افراد ہیپاٹائٹس سی سے متاثر ہیں، اس لیے بیماری کی بروقت تشخیص انتہائی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے افراد کی ہیپاٹائٹس سی سکریننگ لازمی قرار دینے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی سکریننگ بھی لازمی ہوگی جبکہ اسکریننگ کا ریکارڈ نادرا کے ڈیٹا سے منسلک کرنے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت تشخیص کے بعد مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ مصطفیٰ کمال نے عوام پر زور دیا کہ وہ مفت اسکریننگ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور بروقت ٹیسٹ کروا کر بیماری کی تشخیص یقینی بنائیں۔

ٹیگز: