گال : گال میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 193 رنز بنا کر تمام وکٹیں گنوا دیں، جس کے بعد سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 372 رنز کا ہدف ملا ہے۔
بھارت کو پہلی اننگز میں 178 رنز کی برتری حاصل تھی، جبکہ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
بھارت کی دوسری اننگز میں رشبھ پانت نے 66 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ دیودت پڈیکل نے 44 اور کے ایل راہول نے 35 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پراباتھ جے سوریا نے 3، لاہیرو کمارا نے 2 جبکہ کیشارا نوانتھرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز دنیش چندیمل کو کندھے اور گردن کی انجری کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ان کی جگہ کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر ڈیبیو کرنے والے سوریا بندارا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پانچواں موقع ہے جب کسی کھلاڑی نے کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر اپنا ڈیبیو کیا ہے۔