اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں، جبکہ موجودہ دور میں انفارمیشن وارفیئر اور بیانیے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
اسلام آباد میں ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تاثر کو حقیقت سے ہم آہنگ کرنا انتہائی اہم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2017 میں وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کا بڑی حد تک خاتمہ ہوچکا تھا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی اور انسداد دہشت گردی کے ریاستی فیصلے پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے اہم کردار ادا کیا اور بے شمار قربانیاں دیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں صرف میدان میں کامیابی کافی نہیں بلکہ حقائق کو مؤثر بیانیے کے ذریعے دنیا تک پہنچانا بھی ضروری ہے۔ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا جواب حقائق اور مؤثر ابلاغ کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔