کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق طریقہ کار آئین میں واضح طور پر موجود ہے اور کوئی بھی شخص آئین سے بالاتر نہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ آئین میں صوبوں کی تشکیل کے لیے طریقہ کار موجود ہے اور تمام معاملات آئینی دائرہ کار میں رہ کر ہی طے کیے جانے چاہئیں۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور صوبائی معاملات کے حوالے سے آئین کی پاسداری ضروری ہے۔
شرجیل میمن نے مہنگائی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے سب سے زیادہ کسان متاثر ہوتا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا بوجھ سندھ کے کسانوں پر نہیں پڑنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو عالمی منڈی کے غیر یقینی حالات کے اثرات سے ممکنہ حد تک تحفظ فراہم کیا جائے گا۔