کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سندھ میں خوش آمدید کہا جاتا ہے اور بحیثیت وزیراعلیٰ انہیں مناسب پروٹوکول دیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب میں نئے عہدیداران کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سندھ میں سیاسی سرگرمیاں کر سکتے ہیں، مگر یہ آئین و قانون کے دائرے میں ہونی چاہئیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کی طرز سیاست پر اعتراض بھی کیا اور کہا کہ طالبان کا دفتر کھولنے اور جیل سے طالبان کو رہا کرنے جیسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ "پی ٹی آئی نے اختلاف اور الزامات کے علاوہ کیا مثبت کام کیا ہے، یہ سب کے سامنے ہے۔"
صحافی برادری کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے اور سندھ حکومت صحافیوں کو درکار ہر مدد فراہم کرے گی۔