Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے برآمدی حصے کو بڑھانا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حلال گوشت کی برآمدی پالیسی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں حلال گوشت کی برآمد میں اضافے کے لیے ایک تین سالہ جامع حکمت عملی تیار کی جائے، جس میں تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کی مکمل ہم آہنگی شامل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسلم ممالک اور عالمی حلال گوشت کی مارکیٹ میں اہم مقام حاصل کرنے کے لیے اس حکمت عملی پر فوری طور پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے خصوصی طور پر کمیٹی کو ہدایت کی کہ حلال گوشت کی پیداوار، کولڈ سٹوریج، اور دیگر ضروری عوامل کو بہتر بنانے کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں تاکہ عالمی معیار کی پیداوار کے ذریعے پاکستان کا حلال گوشت کی برآمدی مارکیٹ میں حصہ بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، اور اس شعبے میں غذائی قدر میں اضافے کے لیے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز قائم کیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ نہ صرف مسلم ممالک بلکہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں، اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ملک میں موجود ذبیح خانوں کی عالمی معیار کی سرٹیفکیشن ہو اور دوسرے ممالک کے ساتھ دو طرفہ رجسٹریشن میں بھی مدد فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ پاکستان میں موجود ذبیح خانوں کو بیماری سے پاک بنانے اور ان میں عالمی معیار کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کی حلال گوشت کی کل پیداوار 6 ملین میٹرک ٹن ہے، جس میں سے مقامی ضرورت کے بعد خاطرخواہ مقدار برآمد کرنے کے لیے دستیاب ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ حلال گوشت کی پیداوار کو بڑھانے اور عالمی معیار کی پیکجنگ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حلال گوشت کی برآمد میں اضافہ کرنے کے لیے اس شعبے کی لاگت کو کم سے کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین بزنس ماڈل سے فائدہ اٹھایا جائے تاکہ پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو۔

ٹیگز: