شوہر کے روپ میں بھوت کمرے میں آجاتا ہے،بھارتی خاتون کا دعویٰ

شوہر کے روپ میں بھوت کمرے میں آجاتا ہے،بھارتی خاتون کا دعویٰ
سورس: File photo

ممبئی ، بھارتی خاتون نے شوہر کو بھوت قرار دے دیا ،طلاق کے لئے عدالت پہنچ گئی ۔ 

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی فیملی کورٹ کو عجیب وغریب کیس کا سامنا کرنا پڑا ۔ عدالت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے طلاق کی درخواست جمع کرائی ۔ 

درخواست میں خاتون نے موقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر رات کے وقت اس کو بھوت نظر آتا ہے اور جب بھی وہ اس کے کمرے میں آتا ہےتو اس کی شکل بھوت جیسی لگنے لگتی ہے اور اس کو یہ خدشہ رہتا ہے کہ اس کے شوہر کے روپ میں اس کے کمرے میں داخل ہونے والا بھوت اس کی جان لے لے گا ۔ اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ اس کو شوہر سے علیحدگی کی اجازت دی جائے ۔ 

عدالت نے ابھی اس کیس پر کوئی فیصلہ نہیں سنایا لیکن اپنی نوعیت کا عجیب وغریب کیس میڈیا کی بھر پور توجہ حاصل کرچکا ہے ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کی شادی سال 2018 میں ہوئی تھی ۔ شادی کے کچھ عرصے کے بعد جب خاتون نے اپنے شوہر کو بتایا کہ مجھے ایسے لگتا ہے کہ جیسے  تمہاری شکل میں کوئی بھوت کمرے میں داخل ہوا ہے تو دونوں میاں بیوی میں ناراضگی پیدا ہوگئی اوربات عدالت تک جاپہنچی ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کی چھان بین کی جارہی ہے کہ خاتون کسی نفسیاتی مرض میں مبتلا تو نہیں اس کے علاوہ یہ تحقیقات بھی کی جارہی ہیں کہ خاتون کسی بناء پر اپنے شوہر سے جان تو نہیں چھڑانا چاہ رہی ۔ خاتون کے شوہر کا کہنا ہے کہ ان کی محبت کی شادی تھی  اس کی بیوی شروع میں بہت اچھی رہی ہے لیکن شادی کے کچھ ہی ماہ بعد ہم دونوں میں ناچاقی پیدا ہوگئی ۔ 

بیوی نے طلاق کی درخواست کے ساتھ شوہر سے ہرجانہ بھی مانگا ہے اور اس کے لیے اس نے الگ کیس دائر کیا ہے۔ ابھی اس کیس کی سماعت کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔