مری : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے والد اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ مری کے مشہورِ زمانہ مال روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیاحوں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔
دورے کے دوران مال روڈ پر موجود سیاحوں نے جب مریم نواز اور نواز شریف کو دیکھا تو جوش و خروش سے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی کو روک لیا، ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز اور میاں نواز شریف نے شہریوں سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ میاں نواز شریف نے سیاحوں اور کارکنوں کی محبت دیکھ کر اپنی گاڑی سے باہر آکر ان کا شکریہ ادا کیا اور ہاتھ ہلا کر ان کے جذبات کا جواب دیا۔
مریم نواز نے بھی مال روڈ پر موجود خواتین اور بچوں سے شفقت سے بات چیت کی، جبکہ کئی سیاحوں نے اس موقع پر تصاویر اور سیلفیاں بھی بنائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے دورے کے دوران مری میں سیاحوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک اور آنے والی عید کے سیزن میں سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔