اسلام آباد میں پولیس کی تمام چیک پوسٹس ختم، سیکیورٹی کا سمارٹ طریقہ متعارف

All police check posts in Islamabad abolished, smart method of security introduced
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے لگائے گئے پولیس کے تمام ناکے ختم کرکے ایک نیا اور جدید طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر سے جاری ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے اب جو جدید طریقہ اپنایا جائے گا، اسے سمارٹ سٹاپ اینڈ سرچ کا نام دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا میڈیا سے گفتگو میں بتانا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے لئے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس کے تحت ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ہر 2 گھنٹے بعد ڈیوٹیاں تبدیل کر دی جاتی ہیں اور ان کی پوزیشنیں تبدیل کرکے دوسری جگہ پر تعینات کر دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر 5 مرد اہلکار اور ایک لیڈی کانسٹیبل ڈیوٹی سرانجام دیتی ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کیساتھ ساتھ ان کی عزت نفس کا بھی خیال رکھا جا سکے۔

اس کے علاوہ اہلکاروں کیساتھ علاقے میں پولیس کار کے ذریعے بھی سیکیورٹی کو پروٹیکشن دی جاتی ہے۔ اس گاڑی کو سمارٹ کار کا نام دیا گیا ہے کہ جو ہر کسی کی حرکات و سکنات کو اپنے خفیہ کیمروں کے ذریعے ریکارڈ کرکت سیف سٹی کمانڈ سینٹر کو منتقل کرتی رہتی ہے۔ سیف سینٹر میں موجود افسر اور اہلکار بھی لمحہ لمحہ کو مانیٹر کرتے ہیں۔

اسلام آباد کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایسی گاڑیوں کا خیال رکھیں جن میں فیملیاں موجود ہوں جبکہ ٹریفک کی روانی بھی جاری رکھنے کی کوشش کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔