کراچی :کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فوری فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب میئر کراچی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں غمزدہ لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بھی آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے، جبکہ تفتیش اور تحقیق کے ذریعے آتشزدگی کی وجوہات کا فوری تعین کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے شہریوں کے محفوظ اور بروقت انخلا کے لیے متبادل راستے قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق ریسکیو اور کولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔