کراچی :کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر 60 سے 65 فیصد قابو پالیا گیا ہے۔ آگ لگنے کے فوراً بعد عمارت کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور رات سے ہی تمام ہسپتالوں کو الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ عمارت میں پھنسے تمام افراد کو جلد از جلد محفوظ نکالا جائے۔
سرکاری مشینری اور ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ نقصان کا مکمل اندازہ آگ پر قابو پانے کے بعد لگایا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت سامنے آئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔