Get Alerts

 گل پلازہ آتشزدگی میں 6 جاں بحق، لاپتا افراد کی تلاش جاری؛صوبائی وزیر سعید غنی

 گل پلازہ آتشزدگی میں 6 جاں بحق، لاپتا افراد کی تلاش جاری؛صوبائی وزیر سعید غنی

کراچی :صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جن میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں موجود ہیں، اور اتنے بڑے پلازے میں آگ بجھانا فائر فائٹرز کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ آگ لگنے کے بعد متعدد افراد کو عمارت سے نکالا جا چکا ہے، تاہم شبہ ہے کہ ابھی بھی کئی لوگ پلازے کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ کوشش جاری ہے کہ لاپتا افراد کو جلد از جلد محفوظ نکالا جائے۔

سعید غنی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ اداروں کے ساتھ تعاون کریں، اپنی عمارتوں میں آگ بجھانے کے انتظامات یقینی بنائیں اور ہر عمارت میں اگزٹ روٹس کا اہتمام کریں تاکہ ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کا نقصان کم سے کم ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں میں کراچی میں متعدد آتشزدگی کے واقعات ہوئے ہیں، اس لیے شہریوں اور انتظامیہ کو ہر ممکن احتیاط برتنی چاہیے۔

ٹیگز: