Get Alerts

گل پلازہ آتشزدگی: 6 جاں بحق، فائر فائٹر شہید، پلازہ کے مختلف حصے منہدم ہو گئے ،لاپتہ افراد کی تلاش جاری

گل پلازہ آتشزدگی: 6 جاں بحق، فائر فائٹر شہید، پلازہ کے مختلف حصے منہدم ہو گئے ،لاپتہ افراد کی تلاش جاری

کراچی :کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔حادثے میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق اب بھی 34 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں، جن کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ فائر فائٹر  فرقان نے فرض کی ادائیگی کےد وران جان کی بازی لگادی  دھویں کی وجہ سے متعدد کی حالت نازک ہے۔

جا ن بحق افراد کی شناخت عامر، آصف، فراز، شہروز اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے۔ فائر فائٹر فرقان امدادی کارروائی کے دوران عمارت کے ایک حصے میں پھنس گئے تھے، انہیں ایک گھنٹے بعد زخمی حالت میں نکالا گیا تھالیکن دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 20 سے زائد فائر ٹینڈرز، 4 سنارکل اور ایک واٹر باؤزر استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ پاکستان نیوی کی فائر بریگیڈ ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

آتشزدگی کے باعث پلازہ کے مختلف حصے منہدم ہو چکے ہیں، جس کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید دھواں، آگ کی شدت اور عمارت کی مخدوش حالت کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ کام کرنا پڑ رہا ہے۔

گل پلازہ کی گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل چکی ہیں، آگ نے بالائی دو منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ عمارت کے مختلف حصوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ پلازہ میں کپڑے، کراکری، پرفیومز، میک اپ، الیکٹرونکس اور کھلونوں کی تقریباً 1200 دکانیں موجود ہیں۔

 متاثرہ دکاندار اور اہل خانہ اپنے پیاروں کی خیریت کے لیے بے قرار ہیں۔ ایک خاتون نے بتایا کہ ان کے شوہر اور دو سیلز مین بچوں کا سراغ نہیں ملا۔ ایک بزرگ شہری نے بھی کہا کہ ان کا داماد لاپتہ ہے اور گزشتہ رات 12 بجے کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، تاہم عمارت کی مخدوش صورتحال ہے۔

ٹیگز: