لاہور :" پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے ملک کے مختلف حصوں میں شروع ہو جائے گا، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران پوٹھوہار ریجن میں سیلابی صورتحال کے باعث سینکڑوں افراد پھنس گئے تھے جنہیں ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی مدد سے بروقت ریسکیو کیا گیا۔ مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
جہلم میں 398 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جن میں سے 160 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔ 174 افراد کو ضلعی انتظامیہ جبکہ 64 کو پاک فوج نے بچایا۔ چکوال میں بھی 209 شہری سیلابی پانی میں پھنس گئے تھے جن میں سے 27 کو ہیلی کاپٹر اور 182 کو انتظامیہ نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ راولپنڈی میں نالہ لئی سمیت مختلف علاقوں سے 450 افراد کو نکالا گیا، جن میں 6 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج آزاد کشمیر، مشرقی پنجاب، پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔