وزیراعظم، صدر، آرمی چیف اور سیاسی رہنماوں کی قومی ٹیم کو مبارکباد

وزیراعظم، صدر، آرمی چیف اور سیاسی رہنماوں کی قومی ٹیم کو مبارکباد

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے قومی کھلاڑیوں کو عمرہ پر بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں ٹیم ورک کو کوئی چیز شکست نہیں دے سکتی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ہر خطرے کے خلاف پاکستان ایک ٹیم ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی فتح پر آرمی چیف کا وکٹری کا نشان۔

فوجی جوانوں کا جذبہ بھی دیدنی

ادھر صدر مملکت ممنون حسین نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے طویل عرصہ بعد شاندار فتح حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے. صدر نے ٹیم آفیشلز کو بھی ان کی کاوشوں پر مبارکباد دی ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے بھی قومی ٹیم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کر کے ماہ رمضان میں قوم کو خوشی سے سرشار کیا، آج کے میچ میں پوری ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر کپتان سرفراز احمد ، نوجوان اوپننگ بیٹسمین فخر زمان سمیت پوری قومی ٹیم کو بھی مبارک باد دی ہے۔

نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے نوجوان کھلاڑی فخر زمان کی کارکردگی کو بھی سراہا جو کہ تقریباً سات سال تک پاکستان نیوی اور پاک بحریہ کی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ قومی ٹیم نے اس کامیابی کے ذریعے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قومی ٹیم کو بھارت کو شکست دیکر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کرنے پر مبارکباد دی۔

یاد رہے آج چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔