اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی خود وزیراعظم کریں گے۔ یہ کمیٹی ہر ہفتے ملک کی معیشت کی ڈیجیٹل بنیادوں پر ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے گی۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقم کی منتقلی کے حوالے سے واضح ہدایات دی جا چکی ہیں اور عوام میں بھی کیش لیس ٹرانزیکشنز کو بڑھاوا دینے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ وزارت خزانہ اور وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی نے اس حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سے غیر رسمی معیشت کو ختم کر کے مالی نظام میں شفافیت لائی جائے گی۔ انہوں نے رمضان میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے امدادی رقوم کی بروقت اور شفاف منتقلی کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا جس سے مستحقین کو ان کا حق بلا رکاوٹ ملا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت میں بہتری کی وجہ سے مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے اور یہ مثبت نتائج ملک کی ترقی کی طرف اشارہ ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔