Get Alerts

کینیڈا میں پاکستانی موسیقی کا عروج، علی ظفر نے دھوم مچا دی

کینیڈا میں پاکستانی موسیقی کا عروج، علی ظفر نے دھوم مچا دی

اوٹاوا : کینیڈا کے شہر مسی ساگا کے سیلیبریشن اسکوائر میں 12 اور 13 جون کو منعقد ہونے والے فیسٹیول نے شرکت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے، اور دو روز کے دوران 80 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔

فیسٹیول کا سب سے نمایاں اور یادگار لمحہ ہفتہ کی رات دیکھنے میں آیا جب عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے شاندار لائیو پرفارمنس پیش کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے کنسرٹ میں 45 ہزار سے زائد شائقین شریک ہوئے، جسے کینیڈا میں کسی پاکستانی فنکار کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

سیلیبریشن اسکوائر میں موجود ہزاروں مداحوں نے گانوں کے ساتھ گنگنا کر اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک یادگار ماحول قائم کر دیا۔

فیسٹیول کے پہلے دن معروف بین الاقوامی گلوکار راگھو نے اپنی پرفارمنس سے شرکاء کو محظوظ کیا اور تقریب کا شاندار آغاز کیا۔

شرکاء نے ایونٹ میں فیملی انٹرٹینمنٹ، لائیو پرفارمنسز، کھیلوں، انعامی سرگرمیوں، خریداری اور ثقافتی پروگرامز سے بھرپور لطف اٹھایا۔

منتظمین کے مطابق یہ فیسٹیول صرف ایک تفریحی ایونٹ نہیں تھا بلکہ اس نے مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے محبت، ہم آہنگی اور جشن کا ماحول پیدا کیا، جو مسی ساگا کی کثیرالثقافتی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔
 
 
 

ٹیگز: