ممبئی: جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے اپنے وزن میں کمی سے متعلق ہونے والی مسلسل چہ مگوئیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کے مسائل کے باعث ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ اپنی مرضی کے مطابق کھانا نہیں کھا سکتی تھیں۔
39 سالہ اداکارہ نے اپنی آنے والی فلم ما انتی بنگارام کی تشہیری مہم کے دوران آٹو امیون بیماری "مایوسائٹس" سے اپنی طویل جدوجہد کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ اسی بیماری کے باعث انہیں تقریباً دو برس تک فلمی سرگرمیوں سے دور رہنا پڑا۔
سمانتھا کا کہنا تھا کہ بیماری کے دوران خوراک ان کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گئی تھی۔ اگر وہ کوئی ایسی چیز کھا لیتیں جو ان کے معدے کے لیے موزوں نہ ہوتی تو بیماری دوبارہ شدت اختیار کر لیتی۔ اسی وجہ سے انہیں انتہائی محدود اور سادہ غذا پر گزارا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے بتایا کہ دو سال تک ان کا ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا تقریباً ایک جیسا ہی رہا۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے انہیں سب سے پہلے جیلاٹو کھانے کی اجازت دی، جو بغیر چینی اور دودھ کے تیار کی جانے والی اطالوی طرز کی آئس کریم ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اس جیلاٹو کا بے حد انتظار کیا کرتی تھیں، یہاں تک کہ جب انہوں نے ایک بلی پالی تو اس کا نام بھی "جیلاٹو" رکھ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے اور وہ مختلف غذائیں کھا سکتی ہیں، تاہم اب بھی مقدار کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔ وزن میں کمی سے متعلق سوالات پر سمانتھا نے کہا کہ لوگ اکثر کسی کی زندگی کے پس منظر اور مشکلات سے واقف نہیں ہوتے۔ ان کے بقول ایسا نہیں تھا کہ وہ کھانا نہیں چاہتی تھیں بلکہ بیماری کی وجہ سے وہ بہت سی چیزیں کھانے سے قاصر تھیں۔
یاد رہے کہ سمانتھا نے 2022 میں فلم یشودا کی تشہیر کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں مایوسائٹس نامی آٹو امیون بیماری لاحق ہے۔
اداکارہ نے اپنے کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ وقفے کے دوران انہوں نے اپنی زندگی اور پیشہ ورانہ سفر پر گہرائی سے غور کیا۔ ان کے مطابق اس عرصے نے انہیں بہت کچھ سکھایا اور وہ اس نتیجے پر پہنچیں کہ واپسی کے بعد انہیں اپنی کئی پرانی عادات اور کام کرنے کے انداز میں تبدیلی لانا ہوگی۔
واضح رہے کہ سمانتھا کی نئی فلم ما انتی بنگارام 19 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اداکارہ کی اکتوبر 2021 میں اداکار ناگا چیتنیا سے علیحدگی ہوئی تھی، جبکہ گزشتہ سال انہوں نے راج ندی مورو سے شادی کر لی تھی۔