کینیڈین فوج میں جنسی حملے، خاتون افسر مستعفی

کینیڈین فوج میں جنسی حملوں کے بڑھتے واقعات، اعلیٰ خاتون افسر مستعفی

اوٹاوا: کینیڈین فوج میں جنسی حملوں کے بڑھتے واقعات کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے اعلیٰ خاتون افسر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مستعفی لیفٹیننٹ کرنل ایلینور ٹیلر کو کینیڈین فوج میں رول ماڈل سمجھا جاتا تھا۔ ایلینورٹیلر افغانستان میں خدمات انجام دے چکی ہیں جبکہ سپیشل فورسز کا بھی حصہ رہیں۔

مستعفی افسر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمت کے دوران جنسی استحصال کے لیے طاقت کا نامناسب استعمال ہوتے دیکھا۔ نقصان دہ جنسی رجحانات روکنے میں ناکامی نے ہماری ساکھ ختم کر دی ہے۔

خیال رہے کہ کینیڈا کے سابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جوناتھن وانس بھی جنسی الزامات پر مستعفی ہوئے تھے۔ سینئر افسروں کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے سکینڈل میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور وزیر دفاع کو تنقید کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈین مسلح افواج میں کام کرنے والی خواتین پر جنسی حملے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ذہن میں رہے کہ جنسی حملوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کینیڈین حکام نے “آپریشن آنر” نامی ایک ایسا منصوبہ شروع کیا تھا جس کا مقصد ایسے واقعات کو روکنا تھا تاہم اس میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی تھی۔