این سی او سی کا ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن کا عندیہ

این سی او سی کا ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن کا عندیہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے متعلق عائد کی گئی پابندیوں پر مکمل طور پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبائی حکومتیں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عملدرآمد کا جامع جائزہ لینے کی ضرورت ہے کیونکہ تمام بڑے شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلوں کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہورہی ہیں جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7.5 فیصد سے بھی زائد ہو چکی ہے۔ 
این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح اموات اور مثبت کیسز پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ عوام ایس او پیز پر عمل کرکے ایک بار پھر بہترین مثال قائم کرسکتے ہیں لیکن اگر اس معاملے میں تعاون نہ کیا گیا تو پھر ملک بھر میں معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔