عمر سرفراز چیمہ کا گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن چیلنج کرنے کا فیصلہ

عمر سرفراز چیمہ کا گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءعمر سرفراز چیمہ نے گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق برطرف گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق کابینہ ڈویژن کا نوٹیفکیشن جلد عدالت میں پیش کریں گے اور اس مقصد کیلئے انہوں نے آئینی ماہرین سے مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرسرفرازچیمہ کی جانب سے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کئے جانے کاامکان ہے جبکہ ان کی جانب سے گورنر ہاؤس میں داخلہ روکنے کیلئے پولیس تعیناتی کا معاملہ بھی عدالت میں اٹھایا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر پنجاب برطرفی کے بعد پنجاب میں پارٹی رہنما بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے دائر کئے گئے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد حمزہ شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ پر سوالات اٹھنے کا سلسلہ جاری ہے اور سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی متحرک ہو گئے ہیں جبکہ حمزہ شہباز شریف نے بھی قانونی مشاورت شروع کر دی ہے۔ 
واضح رہے کہ چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مبنی پانچ رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ 3,2 سے سنایا۔ 
عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ منحرف رکن کا ووٹ شمار نہیں ہو گا، نااہلی کی مدت کے تعین کا اختیار پارلیمینٹ کا ہے، پارلیمینٹ اس حوالے سے قانون سازی کرے، اگر کوئی منحرف رکن پارٹی ہدایت کے خلاف ووٹ دیتا ہے تو وہ ووٹ عدم اعتماد، آئین میں ترمیم، منی بل میں شمار نہیں ہو گا۔ 

مصنف کے بارے میں