اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے، خاص طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
غیر ملکی ٹی وی چینل آر ٹی عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کو سمجھنے کے لیے اس کی تاریخی اور سیکیورٹی صورتحال کو دیکھنا ہوگا۔ ان کے مطابق بھارت اپنی حقیقت چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کا سہارا لیتا ہے۔
انہوں نے پہلگام واقعے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے صرف چند منٹ بعد ہی بھارتی میڈیا نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگانا شروع کر دیے، حالانکہ دو دن بعد خود بھارتی وزارت خارجہ نے اعتراف کیا کہ تفتیش ابھی جاری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے واضح طور پر کہا کہ اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ کسی غیرجانبدار بین الاقوامی ادارے کو فراہم کرے، پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے، مگر بھارت نے اس مثبت پیشکش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے یکطرفہ اقدامات کرتے ہوئے پاکستان کی مساجد کو نشانہ بنایا، میزائل داغے اور اس حملے میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شہید کیا، جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔