اسلام آباد :دن بھر کی شدید گرمی کے بعد شام ڈھلتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی ہوائیں چلنے کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے گرمی سے پریشان شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ بارش کے باعث مختلف شاہرائوں پر پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
اٹک اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جھلساتی گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے دوران کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
پشاور میں آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں اور تیز ہوائیں چلنے لگیں، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی۔ مختلف مقامات پر درخت گرنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج کا موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی تھی۔