Get Alerts

پنجاب بھر میں آندھی اور موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ، بجلی بندش نے شہریوں کو پریشان کر دیا

پنجاب بھر میں آندھی اور موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار ، بجلی بندش نے شہریوں کو پریشان کر دیا

لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور موسلا دھار بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا، وہیں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث لکشمی چوک، نسبت روڈ، مال روڈ، ڈیوس روڈ، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، جن میں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کندیاں، شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال، مریدکے، قصور، پتوکی، پھولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ اور حجرہ شاہ مقیم شامل ہیں۔ کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے نتیجے میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہو گیا اور بجلی کی بندش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔بارش کے بعد گرمی کی شدت میں واضح کمی آ گئی، جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ تاہم، بجلی کی طویل بندش نے ان کی خوشی کو ماند کر دیا۔

ٹیگز: