ٹوکیو: جاپان میں ریچھوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ایک منفرد اقدام اٹھایا گیا ہے۔ جاپان کے شہر ہدا میں گزشتہ ہفتے سے آبادی سے دور رکھنے کے لیے بھونکنے والے ڈرون استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان ڈرونز کو اسپیکرز سے لیس کیا گیا ہے جن کے ذریعے شکاری کتوں کی آوازیں نکالی جاتی ہیں تاکہ ریچھوں کو خوفزدہ کر کے انہیں آبادی سے دور بھگا دیا جا سکے۔
اس کے علاوہ، ریچھوں کو پہاڑوں کی گہرائی میں دھکیلنے کے لیے آتشبازی کا بھی سہارا لیا گیا ہے تاکہ ان کے علاقے کو محفوظ بنایا جا سکے اور انہیں شہری علاقوں سے دور رکھا جا سکے۔
جاپان میں اس سال اپریل سے لے کر اب تک ریچھوں کے حملوں میں 220 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ ریچھوں نے متعدد باغات کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، خصوصاً پھلوں کے درختوں کو۔ یہ نئے اقدامات اس بات کا غماز ہیں کہ جاپان میں ریچھوں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے مختلف طریقوں کا سہارا لیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کی جا سکے اور قدرتی ماحول کے توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔