ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 افراد زخمی

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 افراد زخمی

کوٹلی: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ہندوستانی فورسز نے صبح ساڑھے 6 بجے نکیال سیکٹر پر فائرنگ کا آغاز کیا اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'فائرنگ بہت شدید تھی'، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ ضلع کوٹلی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق محمود نے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے 14 اکتوبر کو بھی بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔اس سے قبل 4 اکتوبر کو بھی بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔