پی ڈی ایم میں 11 سیاسی جماعتیں اور 12ویں پارٹی بھارت ہے: شہباز گل

پی ڈی ایم میں 11 سیاسی جماعتیں اور 12ویں پارٹی بھارت ہے: شہباز گل

گوجرانوالہ: معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف یہ بھول جاتے ہیں وہ ضیاء الحق اور جنرل جیلانی کی مدد سے آئے، پاکستان میں منافقت کی سیاست ہوتی رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ 2 روز پہلے سب نے گوجرانوالہ میں ایک سرکس دیکھا، سرکس میں جو باتیں ہوئیں وہ اپنا مال پانی بچانے کیلئے ہیں۔ گوجرانوالہ کے عوام باشعور ہیں، اپوزیشن کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ بلاول بھٹو کو پاکستان کی تاریخ کا علم نہیں۔

انہوں نے نواز شریف سے کچھ سوالات کے جواب بھی مانگ لیے کہ اُن کے 4 آرمی چیف سے مسئلے کیوں بنے؟ اُن کی 6 ڈی جی آئی ایس آئی سے کیوں نہیں بنی؟ اُن کی عدلیہ کے ججز سے کیوں معاملات نہیں بنے؟ 

معاون خصوصی نے کہا کہ پاک فوج موجود ہے تو ہمارا بھی وجود ہے، فوجی جوان ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، یہ پاک فوج ہے، مسلم لیگ (ن) نہیں ہے۔ پاک فوج کا جوان اور آرمی چیف ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم میں 11 سیاسی جماعتیں اور 12ویں پارٹی بھارت ہے، بھارت چاہتا ہے کسی طرح پاک فوج پر تنقید کرائی جائے۔

کوئی ایک بھارتی چینل ایسا نہیں جس نے ان کے جلسے کو نشر نہ کیا ہو، ان کا بیانیہ پاکستان مخالف بیانیہ ہے جو لندن میں بیٹھ کر طے ہوا۔ دشمنوں کو معلوم ہے پاک آرمی کو نقصان پہنچا کر پاکستان کی ترقی کو روکا جائے۔ ان کو ایسے ججز چاہئیں جنہیں یہ فون کریں اور وہ ان کے مطابق فیصلے کریں۔

شہباز گل نے کہا کہ یہ تمام لوگ شروع سے ہی ملک دشمن تھے۔ یہ جدی پشتی کریمنل اور مافیا ہیں، ان کا کردار نہایت بھیانک ہے، جب ملک پر مسلط یہ کرپشن زدہ ٹولہ واپس گیا تو اندازہ ہوا کتنا زیادہ نقصان ہوا ہے۔ خرم دستگیر نے جتنی لوٹ مار کی ہے اس کا حساب ان سے لیا جائے گا۔ خرم دستگیر کا جب پٹرول پمپ اور سی این جی ختم ہوا تو انہوں نے بل ادا نہیں کیا۔ موجودہ حکومت نے ان کا یہاں پٹرول پمپ گرایا تھا۔ جیسے بکریاں شیر بنی ہوئی ہیں یہ پٹرول پمپ بھی جعلی بنایا گیا تھا۔ چارٹر آف ڈیمو کریسی کے بعد آپ کا یہ پٹرول پمپ بنا، 17 جون کو این او سی ایشو ہوا جس کے بعد پٹرول پمپ الاٹ ہوا، یہ این او سی جعلی اس لئے ہے کہ یہ ہائی وے کا تھا، ہائی وے کا خسرہ نمبر کسی کو الاٹ نہیں ہوسکتا۔

ہمیں معلوم ہے نواز شریف بہت بزدل شخص ہے، مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ان سے قطع تعلق کریں، مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ یہ وہی آرمی چیف ہے جس کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آپ نے ووٹ دیا۔ یہ لوگ پاکستان میں منافقت کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔