لاہور: پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی سینئر نیوز کاسٹر اور ریڈیو میزبان عشرت فاطمہ نے اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موت آتی جاتی چیز ہے اور وہ موت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، تاہم جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
عشرت فاطمہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ جب وہ ریڈیو پاکستان پر کرنٹ افیئرز کا پروگرام مکمل کر کے گھر پہنچیں تو انہیں کئی فون کالز موصول ہوئیں، جن میں اداکار توثیق حیدر نے انہیں اطلاع دی کہ ان کی موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں انہیں خدشہ ہوا کہ شاید کوئی اور غلط خبر گردش کر رہی ہے، لیکن جب انہیں موت کی خبروں کے بارے میں بتایا گیا تو وہ سکون محسوس کرنے لگیں۔ عشرت فاطمہ نے کہا، "مجھے موت سے کوئی خوف نہیں، موت آتی جاتی چیز ہے، خدا جب بلائے گا، ہم چلے جائیں گے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے زندگی بھر بہت احتیاط سے کام کیا ہے اور انہیں ڈر تھا کہ کہیں ایسی کوئی خبر نہ پھیلائی جائے جس سے وہ اپنے خاندان کے سامنے شرمندہ ہوں۔
عشرت فاطمہ نے کہا کہ ان کی ایک خواہش ہے کہ وہ والدین کے لیے حج کی سعادت حاصل کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی اپیل کی کہ وہ سب ان کے لیے اچھی اور آسان موت کی دعا کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے مداحوں کے لیے دعائیں کرتی رہیں گی اور امید ہے کہ ان کے مداح بھی انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔
واضح رہے کہ عشرت فاطمہ کی موت کی جھوٹی خبروں نے سوشل میڈیا اور میڈیا میں تشویش پھیلا دی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود ویڈیو جاری کرکے حقائق واضح کیے۔