ریاض : وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ریاض سے لندن روانہ ہوگئے۔ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو پرتپاک الوداع کہا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کا سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی چیلنجز اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر جاری اپنے پیغام میں سعودی ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔
دورے کے اہم موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (Strategic Mutual Defense Agreement - SMDA) پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کی بنیاد فراہم کرے گا۔
معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ اس کا مقصد خطے میں سلامتی، امن اور استحکام کو فروغ دینا اور مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔
ریاض پہنچنے پر سعودی فضائیہ کے F-15 لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کو پروٹوکول کے ساتھ خوش آمدید کہا، جبکہ انہیں 21 توپوں کی سلامی اور سعودی افواج کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے، جو مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔