اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کے جسٹس بابر ستار کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کے دوران سنایا۔
چیئرمین پی ٹی اے کے وکیل سلمان منصور نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ جس فیصلے میں چیئرمین کو ہٹایا گیا وہ درخواست میں کی گئی استدعا کے خلاف ہے، اور نہ ہی رولز کو چیلنج کیا گیا یا اٹارنی جنرل کو نوٹس دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنا ضروری تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین کے انتخاب کے لیے سخت کوالیفیکیشنز اور شفاف مقابلہ ہوا، جس میں 64 امیدواروں میں سے 24 نے کوالیفائی کیا، اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے رولز میں تبدیلی کی گئی تھی۔عدالت نے سماعت مکمل کرنے کے بعد میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے پر بحال کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جسٹس بابر ستار نے 99 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور ان کی برطرفی کا حکم دیا تھا.