کراچی : بصارت سے محروم 15 سالہ فواد عالم نے اپنی آواز اور موسیقی کی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانز گاٹ ٹیلنٹ کے پہلے سیزن کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
17 اقساط پر مشتمل ٹیلنٹ شو کے گرینڈ فائنل میں فواد عالم کو ناظرین کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے، جس کے بعد انہیں پروگرام کی تاریخ کا پہلا فاتح قرار دیا گیا۔
فواد عالم کو کامیابی کے صلے میں ٹرافی کے علاوہ ایک نئی گاڑی بھی انعام میں دی گئی۔
چھٹی جماعت کے طالب علم فواد نے پروگرام کے ابتدائی مرحلے ہی سے اپنی پُراعتماد پرفارمنس اور موسیقی سے گہری وابستگی کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کرلی تھی۔ بصارت سے محرومی ان کے فن کے سفر میں رکاوٹ نہ بن سکی اور وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مقابلے کے مختلف مراحل طے کرتے ہوئے فائنل تک پہنچے۔
فائنل میں فواد نے دیگر امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ان کی کامیابی نے نہ صرف ان کے فن کو نمایاں کیا بلکہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں اور نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثبت اور حوصلہ افزا مثال قائم کی۔