اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری اور وقار کا تحفظ حکومت پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی نہ صرف ایک اہم ہدایت کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ہمت، اعتماد اور خودانحصاری کی علامت بھی ہے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ ایک جامع اور مساوی معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی پہچان ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے درخواست کی کہ بصارت سے محروم افراد کے لیے تعلیم، روزگار اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ بھی ملکی ترقی میں اپنے بھرپور کردار کو ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کا بنیادی حق محبت، احترام اور مدد ہے، اور پاکستان کا اصل سرمایہ ہر شہری کی صلاحیتوں کا فروغ ہے۔ آصف علی زرداری نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سفارت کار صائمہ سلیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بصارت سے محرومی کے باوجود اپنی ذہانت اور محنت سے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ وہ حوصلے، عزم اور قابلیت کی ایک مثال بن چکی ہیں۔
آخر میں، صدرِ پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ "آئیں! ایسا پاکستان بنائیں جہاں کوئی پیچھے نہ رہ جائے، کیونکہ قومی ترقی سب کے باہمی تعاون اور شمولیت سے ہی ممکن ہے۔"