اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سری لنکا کا یومِ آزادی اتحاد، قومی وقار اور استقامت کی علامت ہے۔ انہوں نے سری لنکا کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر سری لنکن صدر انورا کمارا دِسانایاکے، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کی دوستی ایک مضبوط اور وقت کی کسوٹی پر پوری اترنے والی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی مسلح افواج نے اہم کردار ادا کیا ہے، اور جنوبی ایشیا میں سری لنکا کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔
صدر زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سارک اجلاسوں کی طویل معطلی ایک افسوسناک امر ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان جنوبی ایشیائی سلامتی اور سارک کی بحالی کے لیے تعاون پر زور دیا۔آخر میں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔