انتخابات میں 90 دن سے زیادہ تاخیر برداشت نہیں کریں گے: پیپلز پارٹی کا اعلان 

انتخابات میں 90 دن سے زیادہ تاخیر برداشت نہیں کریں گے: پیپلز پارٹی کا اعلان 

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کا مطالبہ کرتے کہا ہے کہ انتخابات میں 90 دن سے زیادہ تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔ 

پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں میں چار ماہ لگیں گے، یہ اعلان ہمارے لئے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے۔

ان کے مطابق ’اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا، پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی ​​مردم شماری کے تحت انتخابات کی توثیق کی تھی اور اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیلی نہیں ہوں گی۔

شیری رحمان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈیجیٹل مردم شماری پر جائز تحفظات کے باوجود، ہم نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔ چونکہ موجودہ قومی اور صوبائی نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی، اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے۔‘

ان کے مطابق ’انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی، جس کا ملک متحمل نہیں، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔‘

مصنف کے بارے میں