لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی ہمدردی کے عالمی دن پر کہا ہے کہ انسانیت ایک عظیم رشتہ ہے جو تمام رشتوں سے بلند ہے اور کسی بھی سرحد سے بے نیاز ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور ان کی مدد کرنا ہی اصل میں انسانیت کی خدمت ہے، جو رنگ، مذہب اور ہر طرح کے تعصب سے بالاتر ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ پہلے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ غزہ کے معصوم شہداء اور کشمیری عوام کی تکلیف دنیا کے ہر حساس دل کو ہلا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ انسان سے ہمدردی کرنا عبادت کے برابر ہے اور سب سے بڑی خدمت ہے۔ حکومتِ پنجاب کے تمام اقدامات اور منصوبے بھی انسانی ہمدردی اور عوام کی خدمت کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسی دنیا بنانی ہے جہاں امن، محبت اور انسانیت کو فروغ ملے۔