مظفرآ باد : آزاد جموں و کشمیر میں مون سون کی شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے جہاں اب تک 23 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 28 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
صوبائی محکمہ برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث 167 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ 635 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ 49 دکانیں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں اور 212 مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 11 پن چکیاں ندیوں میں بہہ گئی ہیں۔ وادی نیلم اور جہلم ویلی سمیت کئی علاقوں میں 25 رابطہ پل ندی نالوں میں بہہ گئے ہیں جس کی وجہ سے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 50.5 کلومیٹر سڑکیں بھی سیلابی ریلوں سے تباہ ہو چکی ہیں۔
مزید براں ندی نالوں کی طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چار سکول تباہ ہو گئے ہیں۔ 40 نہریں، 59 واٹر سپلائی سکیمیں اور 14 گاڑیاں بھی بارشوں کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئیں۔
ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وادی نیلم میں 10 پل، 2 ہائیڈل پاور پراجیکٹس اور 40 نہری منصوبے شدید سیلابی ندی نالوں کی طغیانی کی وجہ سے تباہ ہو گئے ہیں۔