ممبئی : بالی ووڈ کے سینئر اور معروف اداکار اچیوٹ پوٹدار طویل علالت کے بعد 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کا انتقال ممبئی کے جیوپیٹر اسپتال میں ہوا، جہاں وہ گزشتہ چند دنوں سے زیرِ علاج تھے۔
اداکار کی موت کی درست وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم طبی ذرائع کے مطابق ان کے انتقال کو عمر رسیدگی کے باعث ہونے والی پیچیدگیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ ان کی آخری رسومات آج ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔
اچیوٹ پوٹدار کو سب سے زیادہ شہرت 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں ان کے کردار کے ذریعے ملی، جس میں انہوں نے ایک سخت مزاج پروفیسر کا کردار نبھایا تھا۔ ان کا جملہ "ارے کہنا کیا چاہتے ہو؟" فلم کا مقبول ترین ڈائیلاگ بن گیا، جس پر بعد ازاں سوشل میڈیا پر بے شمار میمز بھی بنائے گئے۔
اچیوٹ پوٹدار نے اپنے کئی دہائیوں پر مشتمل فلمی کیریئر میں 125 سے زائد ہندی اور مراٹھی فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں "آکروش", "اردھ ستیہ", "تیزاب", "راجو بن گیا جینٹل مین", "دل والے", "رنگیلا", "عشق", "واستو", "ہم ساتھ ساتھ ہیں" اور "پرندہ" شامل ہیں۔
فلمی دنیا کے علاوہ انہوں نے بھارتی ٹیلی وژن پر بھی اپنی فنکاری کے جوہر دکھائے۔ ڈرامہ سیریل ’واگلے کی دنیا‘ اور ’بھارت کی کھوج‘ میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔
اچیوٹ پوٹدار کو ان کے ساتھی فنکار، ناقدین اور مداح ایک عاجز، محنتی اور پرخلوص فنکار کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سے شوبز حلقوں اور مداحوں میں گہرے غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔