کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے مالیاتی نظام میں ایک بڑی پیشرفت کرتے ہوئے ’پریزم پلس‘ کے نام سے نیا ادائیگی اور تصفیے کا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اس نظام کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ’’پریزم پلس نظام‘‘ سے پاکستان کے مالیاتی شعبے میں تیز، محفوظ اور مؤثر ادائیگیوں کو ممکن بنایا جائے گا، جس سے مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے اسے بینکنگ شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
جمیل احمد کے مطابق اس نظام کے ذریعے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ مالیاتی لین دین کے عمل کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینکنگ سیکٹر میں بنیادی اصلاحات کا عمل جاری ہے اور یہ قدم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق پریزم پلس کا اجرا پاکستان کے مالیاتی ڈھانچے کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش ہے، خاص طور پر گورنمنٹ سیکیورٹیز کے لین دین کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں یہ نظام مرکزی کردار ادا کرے گا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ نظام عالمی میعار کے آئی ایس او 20022 میسجنگ اسٹینڈرڈ کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جو دنیا کے ترقی یافتہ مالیاتی نظاموں میں رائج ہے۔ اس جدید نظام کی بدولت اسٹیٹ بینک کو عالمی سطح پر مرکزی بینکوں کے جدید کلب میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔