کیلیفورنیا : پاکستان میں گوگل نے اپنی نئی سروس "گوگل اے آئی پلس" پلان کا اعلان کر دیا ہے، جو صارفین کو گوگل کے جدید اور طاقتور AI ٹولز تک اضافی رسائی فراہم کرے گا۔ یہ پلان خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اپنی پیداواری اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، اور یہ باکفایت قیمت پر دستیاب ہوگا۔
گوگل اے آئی پلس کے تحت صارفین کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے جن میں جیمنائی ایپ میں تصویری تخلیق اور ترمیم کے لیے زیادہ گنجائش، جیمنائی 2.5 پرو تک رسائی، ویڈیو جنریشن ماڈل Veo 3 Fast، اور جی میل، ڈاکس، شیٹس سمیت دیگر گوگل سروسز میں AI کا انضمام شامل ہے۔ اس کے علاوہ، صارفین کو فوٹوز، ڈرائیو اور جی میل میں 200 جی بی اسٹوریج کی سہولت بھی دی جائے گی۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور یہاں کے صارفین نے AI ٹولز کو اپنانے میں زبردست صلاحیتیں دکھائی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "گوگل اے آئی پلس کے ذریعے ہم یہ جدید ٹیکنالوجی زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ ہر شخص اپنی پیداواری اور تخلیقی صلاحیتوں کو AI کی مدد سے فروغ دے سکے۔"
اس کے علاوہ، صارفین اپنے خاندان کے پانچ دیگر افراد کے ساتھ اپنے پلان کے فوائد شیئر کر سکیں گے، جس سے ہر فرد کو بہتر اور مربوط گوگل تجربہ حاصل ہوگا۔
گوگل اے آئی پلس پلان پاکستان میں ماہانہ 1400 روپے میں دستیاب ہے، اور محدود مدت کے لیے نئے سبسکرائبرز کو پہلے چھ ماہ کے لیے 50 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔