لاہور: ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ کاکہنا ہےکہ وزیراعظم نے 14 اگست کو جو میثاق استحکام کی بات کی، وہ ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔ ان کے بقول، سیاسی استحکام ملک کی بنیادی ضرورت ہے اور مسلم لیگ ن اس میثاق کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کے دور حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نے بھی سیاسی استحکام پر زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کرنے والوں کا انجام سب کے سامنے ہے اور قوم نے دیکھ لیا ہے کہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت ڈائیلاگ سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈلاک سے نہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کوئی جرم یا غلطی ہوتی ہے تو کم از کم اس کا احساس ہونا چاہیے، اور کسی کے گھر کو آگ لگانے والے رویے تلخی کو جنم دیتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کیااور کہا کہ وہ بات کرنے کے لیے تیار ہیں اور خود جا کر اپوزیشن سے بات کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی بنیادوں پر کوئی نااہلی نہیں ہو رہی اور میثاق استحکام ملک کے سیاسی منظرنامے کے لیے ضروری ہے۔