لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ رمضان میں سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سرچ لائٹس کی تنصیب بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حساس مقامات پر نمازِ جمعہ اور تراویح کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تین لیئرز سکیورٹی پلان کے تحت بیریئرز اور خاردار تاریں لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے عبادت گاہوں کے گردونواح میں پولیس گشت بڑھانے، سنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشنز کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنانا ہے۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ رمضان میں سکیورٹی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔