Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔ انہوں نے تمام ضلعی سربراہوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی اور دیگر انتظامات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

مریم نواز کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر میں گورننس کے معیار کی جانچ کے لیے خفیہ ٹیموں کو بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کا فوری پتہ چلایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو ٹھیکیدار "ستھرا پنجاب" پروگرام کے تحت معیاری کام نہیں کرے گا، اس کی ادائیگی فوری طور پر روکی جائے گی اور اس کا کنٹریکٹ دوبارہ کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام شہروں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات کی ہدایات جاری کیں، جن میں کوڑے دان کی صفائی اور ویسٹ انکلوژر کی تعمیر شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ویسٹ انکلوژر مکمل طور پر بند ہوں گے اور ان کے گرد چاردیواری بھی بنائی جائے گی تاکہ شہر کا ماحول صاف ستھرا رہے۔ مزید برآں، پارکنگ ایریاز، بس سٹینڈز اور دیگر پبلک مقامات کی صفائی کو بھی مثالی بنانے کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہونے والی ہلاکتوں کے واقعات کو روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سخت سرزنش کی اور سرکاری ہسپتالوں میں فری میڈیسن کی فراہمی میں کمی پر بھی سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر ضلعی سربراہوں نے مسلسل غیر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے 24/7 مانیٹرنگ کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے غیر قانونی قبضوں اور تعمیرات کی فوری نشاندہی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کسی بھی مارکیٹ میں ریڑھیاں اور تجاوزات کی موجودگی پر فوری کارروائی کی جائے گی، اور مارکیٹ انتظامیہ سے تحریری طور پر تحفّظات لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ فنڈز دینے کے باوجود اگر بہترین نتائج نہ آئیں تو یہ افسوسناک بات ہے، اور عوامی خدمت میں کسی بھی غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گڈ گورننس کے معیار کو نیکسٹ لیول تک پہنچانا ضروری ہے، اور اس کے لیے تمام انتظامیہ کو مکمل اختیارات، فنانس اور اعتماد دیا گیا ہے۔

انہوں نے تمام ضلعی سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقے میں صفائی، تعمیرات اور گورننس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور عوام کی خدمت کے ہر پہلو پر بھرپور توجہ دیں۔

ٹیگز: