لاہور : رحمتوں، برکتوں اور فضیلتوں سے بھرے ماہ رمضان کی پہلی سحری ملک بھر میں بڑے اہتمام کے ساتھ منائی گئی۔ چھوٹے بڑے شہروں کے بازاروں اور مارکیٹوں میں خریداروں کا رش نظر آیا، جہاں شہریوں نے دودھ، دہی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری کی۔
گھروں میں بھی سحری کے لئے خصوصی پکوان تیار کیے گئے تاکہ روزے کی حالت میں توانائی فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ، شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے ریسٹورنٹس پر پہلی سحری کی، جہاں پر خاندانی اجتماعات دیکھنے کو ملے۔
پہلی سحری کے بعد مساجد میں بھی شہریوں کا رش رہا، جہاں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کے ساتھ رمضان کی خوشیاں بانٹتے ہوئے عبادت میں مشغول رہے۔