Get Alerts

ایچ ای سی کا پاکستان کی جامعات کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا لازمی کورس شامل کرنے کی ہدایت

ایچ ای سی کا پاکستان کی جامعات کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا لازمی کورس شامل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد : ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی جامعات کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی تین کریڈٹ آورز کا لازمی کورس شامل کریں۔ یہ فیصلہ عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی منظرنامے کے تناظر میں کیا گیا ہے، جہاں اے آئی ہر شعبے میں اہمیت اختیار کر چکا ہے، جیسے تعلیم، صحت، معیشت اور حکمرانی۔

ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے جامعات کے سربراہوں کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ اے آئی کی تعلیم اب محض ایک اضافی سہولت نہیں بلکہ ضروری بن چکی ہے۔ طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی، شفافیت اور سماجی اثرات جیسے اہم پہلوؤں کی عملی سمجھ دینا ضروری ہے، تاکہ وہ عالمی معیار کی مہارتیں حاصل کر سکیں۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جامعات یہ کورس اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا پروگرام کے اندر معاون مضمون کے طور پر پیش کر سکتی ہیں۔ نصاب میں اے آئی کے بنیادی تصورات، مختلف شعبوں میں اس کے اطلاق، اخلاقی تقاضوں، انصاف اور احتساب کو شامل کرنا ضروری ہوگا۔ جامعات کو اس کورس کی نوعیت کے مطابق مواد میں تخصیص کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

ایچ ای سی نے مزید کہا کہ یہ کورس تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں نافذ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو اے آئی سے ہم آہنگ دنیا میں کامیابی کے لیے تیار کرنا اور قومی معیشت کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانا ہے۔

ٹیگز: