کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے کروم ویب براؤزر میں ایک سنگین سکیورٹی خامی کا پتہ چلنے کے بعد فوری اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔ کمپنی کی سکیورٹی ایڈوائزری کے مطابق، کروم میں CVE-2026-2441 نامی ایک سکیورٹی بگ دریافت کیا گیا ہے، جو صارفین کی پرائیویسی کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔
گوگل عام طور پر کروم کو خودکار طور پر اپ ڈیٹ کر دیتا ہے، مگر اگر آپ نے اپ ڈیٹس کے خودکار آپشن کو بند کر رکھا ہے تو آپ کو اپنے براؤزر کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 50 سے 60 فیصد افراد گوگل کروم کو ویب براؤزنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں، لہذا اس سکیورٹی بگ کا ہونا ایک بڑے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ یہ رواں سال کے دوران گوگل کروم میں دریافت ہونے والی پہلی بڑی سکیورٹی خامی ہے۔ گوگل نے اس بگ کے بارے میں تو آگاہی دی ہے، مگر مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا ہے۔
کروم براؤزر کو اپ ڈیٹ کیسے کریں؟
گوگل کروم عام طور پر خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے، لیکن اگر آپ کو نہیں پتا کہ آپ کا براؤزر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے یا نہیں، تو:
کروم کے تھری ڈاٹ مینیو (تین نقطے) پر کلک کریں۔
"Settings" میں جائیں، پھر "About Chrome" پر کلک کریں جو صفحے کے نیچے موجود ہوگا۔
اگر براؤزر اپ ڈیٹ نہیں ہوا تو کروم آپ کو اپ ڈیٹ کرنے کی اطلاع دے گا۔
اپ ڈیٹ ہونے کے بعد، بس "Relaunch" پر کلک کریں اور کروم مکمل طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا۔
اپنے کروم براؤزر کو فوراً اپ ڈیٹ کریں تاکہ آپ کی پرائیویسی اور سکیورٹی کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔